اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) اسلام آباد کی انتظامیہ نے این او سی کی شرائط کے خلاف جانے پر جمعیت علمائے اسلام(ف) کو دوسرا شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے یہ جے یو آئی ف کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ این او سی کی شرائط میں سری نگر ہائی وے کو بند نہ کرنا شامل تھا، تاہم جے یو آئی ف کے کارکنوں نے سڑک کو بند کیا ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا شوکاز نوٹس میں مزید کہا کہ این او سی کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کے بھی واضح احکامات موجود ہیں۔جے یو آئی ف کو جاری کیے گئے دوسرے شوکاز نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر جواب نہ دینے پر مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔