ٹانک (مانند نیوز) پاکستان میں اگر عوام کو کسی ادارے پر مکمل بھروسہ اور اعتماد ہے تو وہ ہماری افواج ہیں اور یہ بھروسہ یہ اعتماد کیوں نہ ہو جب دہشت گردی نے سر اٹھایا پاک فوج نے انکا سرکچلا،جب بھی ملک خداداد میں قیام امن کی صورتحال بگڑی پاک فوج نے سنبھالا،یتیموں،بیواؤں،بزرگوں،بیماروں اور معذوروں کی خدمت پاک فوج نے ہمیشہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر کی ہے جسکی گواہی وطن عزیز کا ہرشہری دیتا ہے۔مگر ان سب کے ساتھ ساتھ پاک فوج نے جب بھی وطن عزیز میں کسی قدرتی آفات سے علاقے متاثر ہوے پاک فوج اپنے ہموطنوں کی حفاظت کےلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی۔حال ہی پاکستان بھر میں قدرتی آفات بارشوں،سیلابوں نے عوام کا کافی جانی ومالی نقصان کیا۔ٹانک بھی ان میں سے ایک متاثرہ ضلع ہے جہاں عیدالاضحی کے دوسرے دن بھی گاؤں پائی میں بدستور سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی جارہی تھی بچے عید والے کپڑے پہن کر اچھل کود رہے تھے ایک طرف نوجوانوں کے جھنڈ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے تھے تو دوسری طرف گاؤں کے بزرگ ان بچوں اور جوانوں کو دیکھ کر اپنا گزرا ہوا وقت یادکررہے تھے ایسے میں گزشتہ رات پہاڑوں پر ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں بننے والے سیلابی ریلے نے گاؤں پائی کا رخ کیا اور پورا گاوں ملیامیٹ کردیا ہر طرف چیخ وپکار تھی کسی کو اپنا ہوش نہیں تھا.کچھ دیر پہلے جہاں زندگی عروج پر تھی اب وہاں ملبے کے ڈھیر نظر آرہے تھے۔ ایسے میں پاک فوج اور ایف سی ساؤتھ اطلاع ملتے ہی متاثرہ گاؤں پائی پہنچ گئے اور اہل علاقہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ انکے بچ جانے والے سامان کو بھی بحفاظت نکالا۔سیکٹر کمانڈر ایف سی ساؤتھ بریگئڈیر تنویر حسین اور کمانڈنگ آفیسر 25 سندھ رجمنٹ لیفٹینٹ کرنل شیر عالم خان نے بذات خود وہاں پہنچ کر اس ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے اور گھر گھر جاکر مقامی لوگوں کو حوصلہ بھی دیتے رہے۔پاک فوج اور ایف سی ساؤتھ کے جوانوں نے متاثرہ علاقوں میں بڑھ چڑھ کر امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا اور مریضوں کو لے جانی والی ایمبولینس جو کہ خراب صورتحال کی وجہ سے پھنس چکی تھی اسکو بھی بحفاظت نکالا۔افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن کے بعد اہل علاقہ میں راشن کے ساتھ ساتھ ٹینٹ،ادویات،دیگر ضروریات زندگی کا سامان لیفٹینٹ کرنل شیر عالم خان نے اپنی نگرانی میں تقسیم کرایا۔پاک فوج کی امدادی کاروائیوں سے متعلق جب اہل علاقہ کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی تو اہل علاقہ نے پاک فوج اور ایف سی ساؤتھ کو خراج تحسین پیش کیا انکا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دشمنوں کو خاک میں ملانے،سرحدوں کی حفاظت اوروطن عزیز میں آنے والی قدرتی آفت سے بھی ہموطنوں کو محفوظ رکھنے کی ہرممکن کوشش کی ہے۔بروقت امدادی کاروائیاں شروع کرنے پر اہلیان علاقہ نے پاک فوج،آئی جی ایف سی ساؤتھ میجرجنرل منیر افسر،سیکٹر کمانڈر ایف سی ساوتھ بریگیڈئر تنویر حسین اور کمانڈنگ آفیسر25سندھ رجمنٹ لیفٹننٹ کرنل شیرعالم خان کا شکریہ ادا کیا۔