شانگلہ (مانند نیوز ڈیسک) صوبائی زیر محنت و ثقافت شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ زرداریوں اور شریفوں نے ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا،پنچاب اسمبلی میں اکثریت تحریک انصاف کی ہے مگر پی ڈی ایم و مسلم لیگ کا وزیر اعلیٰ کا منتخب ہونا شرمناک ہے۔پنچاب ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے شکست تسلیم کرلی ہے تو پھر ایمپورٹڈ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو استعفیٰ دے دینے چاہئے تھا۔پنچاب میں تاریخ کی بد ترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہیں جو کہ جمہوریت کے منہ پر تمانچہ ہے اور اس پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوس ناک ہے۔چیف الیکشن کمشنر بتائے کہ جب ہم بلدیاتی انتخابات کے دوران اپنے حلقوں میں کسی کے فاتحے کیلئے بھی جاتے تو ہمیں شوکاز نوٹس دے دیا جاتا اور آج سرعام اراکین اسمبلی کی بولیاں لگتی رہی،لاہور میں ہارس ٹریڈنگ ہوتی رہی لیکن الیکشن کمیشن خاموش بیٹھا رہا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے اتوار کے روز اپنے دورہ شانگلہ کے موقع پر شنئی یونین کونسل کوڑمنگ میں ایک بڑے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نومنتخب کونسلر سلطان خان نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور شوکت یوسف زئی اور پی ٹی آئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،شمولیتی تقریب سے تحصیل میئر بشام حاجی سدید الرحمان،تحصیل ناظم الپوری وقار خان ودیگر پارٹی رہنماؤں نے خطاب کیا اور پارٹی میں نئے شامل ہونے والے افراد کو پارٹی کیپ پہنائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ شانگلہ بدل رہا ہے اور پی ٹی آئی میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور یہ لوگ شانگلہ کی ترقی کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے شانگلہ میں وسیع پیمانے پر سیاحتی مقامات موجود ہیں جس کو ترقی دے کر مقامی سطح پر روزگار پیدا کرینگے۔شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ماضی میں ایک منظم سازش کے تحت شانگلہ کو یکسر پسماندہ رکھا گیا لیکن اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور ہرمحاظ پر شانگلہ کے غیور عوام نے ثابت کیا کہ اب وہ ان سازشوں کو مسترد کرکے یہاں ترقی کا ساتھ دینے والوں کا ساتھ دے گی۔