ہریپور (مانند نیوز ڈیسک) محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں تمام مجالس اور جلوسوں کے لیے فُول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ڈی پی او ہری پورڈی پی او ہری پور کے زیر اہتمام محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور مجیب الرحمٰن، ایڈیشنل ایس پی ہری پور ایاز خان،ضلع بھر کے سرکل ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز، انچارج چوکیات،انچارج ٹریفک اور انچارج ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران تمام مجالس اورچھوٹے بڑے جلوسوں کے لیے سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور اس پر تفصیلی بات چیت ہوئی،اس,موقع پر ڈی پی او ہری پور شاہد عمران نے جملہ افسران پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ اس سال محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے جائیں۔ہریپور کے تمام داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔تاہم اس سال کسی بھی اضافی راستے کو بند نہ کیا جائے تاکہ عوام الناس کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی پی او کا کہنا تھا کہ بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علماء کرام کو اعتماد میں لیا جائے۔ڈی پی او ہری پور نے افسران پولیس کو مزید کہا کہ تمام جلوسوں کے روٹ پر موجود ہوٹل،سرائے،رہائشی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور تمام مشکوک افراد اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔جلوسوں کی گزر گاہوں کو بی ڈی ایس سکواڈ کے زریعے مکمل چیک کیا جائے اور جلوس کے راستوں پر موجود اونچی عمارتوں پر ماہر سنائپرز بھی تعینات کئے جائیں،جلوس و مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کی چیکنگ کے لیے واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے جائیں اور خواتین کی امام بارگاہوں پر لیڈی پولیس افسران بھی تعینات کی جائیں۔ تمام سرکل افسران پولیس جلوسوں کی سیکورٹی کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پولیس لائن ہری پور میں پولیس کے اضافی دستے بھی موجود رہیں۔