اسلام آباد (مانند نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے معزز سفیر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ملاقات کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی نے سفیر خضر فرہادوف کی پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ، تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری، دفاعی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر استوار ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کو دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد، مخلص اور آزمودہ دوست ہے، جس نے ہر اہم موقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال پاک۔بھارت جنگ کے دوران پاکستان کی بھرپور حمایت پر آذربائیجان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں عملی شکل دے کر دونوں ممالک مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی وسائل، سیاحت، معدنیات اور سرمایہ کاری کے حوالے سے غیر معمولی استعداد کا حامل صوبہ ہے، جہاں آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پرتپاک میزبانی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کی سفارتی ذمہ داریاں انتہائی خوشگوار اور یادگار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔ سفیر خضر فرہادوف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز سے عوامی روابط، سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان پاکستان میں تجارت، توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیاحت، توانائی، معدنیات، زراعت اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی معاونت سے صوبائی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔#

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے