کشمیر (مانند نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے۔

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ مظفر آباد ڈویژن میں ایک ہزار 4 سو 83 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

خراب موسم کی وجہ سے مظفرآباد حلقہ ایل اے 27 میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ملتوی کر دی گئی جبکہ حیدرآباد میں بارش اور لوڈشیڈنگ نے پولنگ عمل کو متاثر کیا۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں نکاسیٔ آب کا کام جاری ہے، ڈی جی خان اور سرگودھا میں ایک ایک خاتون ووٹر کے لیے خصوصی پولنگ بوتھ قائم کیے گئے  جبکہ سیالکوٹ میں خصوصی افراد بھی اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ گئے۔

جموں اور ویلی کی 6، 6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

جموں 1 اور کشمیر ویلی 1 کی نشست پر کراچی میں پولنگ ہو رہی ہے، دونوں نشستوں کے لیے 34 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی میں جموں 1 کی نشست پر 698 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں جبکہ کشمیر ویلی 1 کی نشست پر 4 ہزار 200 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں مہاجرین کی 3 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، مہاجرین کی 3 نشستوں میں ایل اے 43 ویلی 4، ایل اے 44 ویلی 5 اور ایل اے 39 جموں 6 شامل ہیں۔

ایل اے43 ویلی 4 میں کُل 12 امیدوار، ایل اے 44 ویلی 5 میں 8 امیدوار اور ایل اے 39 جموں 6 کی نشست پر کُل 14 امیدوار میدان میں ہیں۔

ایل اے 43 ویلی 4 میں 16سو سے زائد خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 ہزار 346 اور ایل اے 44 ویلی 5 میں 3 ہزار 294 خواتین ووٹرز سمیت رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 ہزار 996 جبکہ ایل اے 39 جموں 6 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 37 ہزار کے قریب ہے۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نے ایل اے 43 ویلی 4 میں 10 پولنگ اسٹیشنز، ایل اے 44 ویلی 5 میں 27 اور ایل اے 39 جموں 6 میں 155 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں۔

کسی کے دباؤ میں کام نہیں کریں گے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفر آباد میں پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا انٹرنیٹ کی بحالی کے لیے لیٹر لکھا ہے، آج پتا چل جائےگا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کریں گے، ہربات ہر کسی کی مانی نہیں جاتی، قانون کےمطابق کام کریں گے۔

پولنگ میں تاخیر انتخابی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان ہے: شیری رحمٰن

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ انتخابی عملے کی تاخیر کے باعث ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بیشتر پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ تاخیر کا شکار ہے، جو انتخابی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل اے 28، ایل اے 31، ایل اے 25 اور ایل اے 34 کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ میں تاخیر ہوئی ہے، ایل اے 31 کے شرک کمال باندی میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات ہے، جبکہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن کو پہلے ہی حساس قرار دیا گیا تھا۔

سینیٹر شیری رحمٰن کے مطابق رنگلہ سے کٹکئیر جانے والی سڑک گزشتہ رات سے بند ہے، جس کے باعث ووٹرز کو لے جانے والی 50 سے زائد گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں اور ووٹرز اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔

آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم پیپلز پارٹی کا، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟ 

وفاقی وزیر امیر مقام نے پیپلز پارٹی کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں صدر اور وزیراعظم آپ کا، پھر دھاندلی کیسے ہوگئی؟

ایک بیان میں امیر مقام نے کہا ہے کہ الزام تراشی کے بجائے عوام سے پوچھتے کہ آپ کو ووٹ کیوں نہیں دیے، عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا جانا چاہیے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے