وانا (مانندنیوز ) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کی یونین کونسل ڈبکوٹ میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں مین اعظم ورسک شاہراہ سے خوڑگئی خوجل خیل تا زیڑی نور روڈ تک 2.5 کلومیٹر طویل سڑک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں ملک خیر محمد خوجل خیل، ملک سلیم خوجل خیل، پاکستان تحریک انصاف جنوبی وزیرستان لوئر کے ضلعی صدر عابد وزیر، زاہد خان وزیر، انجینئر لقمان وزیر سمیت دیگر قبائلی عمائدین اور معززین نے شرکت کی۔ مہمانوں نے فیتہ کاٹ کر منصوبے کا افتتاح کیا، جبکہ تقریب میں خوجل خیل قبیلے کے مشران، مقامی عمائدین اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سڑک کی تکمیل سے علاقے میں آمدورفت کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، سفری مشکلات میں کمی ہوگی اور عوام کو روزمرہ نقل و حمل کے حوالے سے بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سڑکیں نہ صرف عوامی سہولت کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ مقامی معیشت، تجارت اور سماجی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔شرکاء نے علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے رکن زبیر خان وزیر اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن عجب گل وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی کوششوں سے یونین کونسل ڈبکوٹ میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس کے مثبت اثرات مقامی آبادی کو حاصل ہو رہے ہیں۔مقررین نے مزید بتایا کہ یونین کونسل ڈبکوٹ میں اس وقت دو واٹر سپلائی اسکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں نئی پختہ سڑکوں کی تعمیر بھی جاری ہے، جس سے بنیادی انفراسٹرکچر مزید مضبوط ہوگا اور عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں علاقے میں مزید ترقیاتی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا تاکہ عوام کو تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔علاوہ ازیں، یونین کونسل ڈبکوٹ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے ایک جدید اسپورٹس اسٹیڈیم بھی زیرِ تعمیر ہے۔ مقررین کے مطابق یہ منصوبہ علاقے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور مقامی ٹیلنٹ کو قومی سطح پر آگے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔علاقہ مکینوں نے صوبائی حکومت خیبرپختونخوا اور اپنے منتخب عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ترقیاتی منصوبوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی اسی رفتار سے جاری رہے گا، جس سے یونین کونسل ڈبکوٹ کو علاقے کی ایک مثالی اور ترقی یافتہ یونین کونسل بنانے میں مدد ملے گی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے