اسلام آباد (مانند میڈیا) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب کر لیا۔خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق صدارتی اعلانات پر غور اور منظوری کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل (جمعرات کو) دن 11 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا، پارلیمانی ایجنڈے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت جاری صدارتی اعلان کی منظوری کے لیے قرارداد پیش کی جائے گی جبکہ آرٹیکل 234 کے تحت جاری گورنر راج کے صدارتی اعلان کو بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق قراردادیں پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے قواعد 1973کی بعض شقوں کو معطل کرنے کی تحریک بھی شامل ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری دونوں صدارتی اعلانات ایوان کے سامنے پیش کریں گے اور ان کی منظوری کے لیے الگ الگ قراردادیں پیش کریں گے۔