ابوظہبی (مانند میڈیا) یوکرین، روس اور امریکا کے درمیان یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سہ فریقی مذاکرات ابوظہبی میں شروع ہوگئے ہیں۔ مذاکرات میں جنگ کے بعد کی صورت حال، فریقین کے سلامتی سے متعلق خدشات اور یوکرین کے مشرقی علاقوں کے مستقبل پر بات چیت کی جا رہی ہے، تاہم تنازع کے فوری خاتمے کے حوالے سے کسی بڑی پیش رفت کی توقعات کم ہیں۔ بی بی سی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور امریکی نمائندہ برائے امن سٹیو وٹکوف امریکی وفد کا حصہ ہیں۔ جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ مذاکرات کا محور روس اور یوکرین دونوں کے جنگ کے بعد کے سلامتی سے متعلق خدشات ہوں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اس سفارتی عمل کا ایک اہم حصہ تمام فریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ جنگ کے بعد کی صورت حال کے بارے میں سنجیدگی سے غور شروع کریں۔ مذاکرات کے باضابطہ آغاز سے قبل امریکی نمائندوں نے ابوظہبی میں یوکرینی، یورپی اور نیٹو حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ فرانس کے وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے اس موقع پر کہا کہ فرانس، برطانیہ اور جرمنی یقینی طور پر مذاکراتی عمل میں موجود ہوں گے۔ یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ روس مستقبل کے اجتماعی سلامتی کے انتظامات سے متعلق امریکا کے ساتھ کوئی ایسا معاہدہ طے کرنے کی کوشش کرسکتا ہے جس میں یورپی ممالک کو شامل نہ کیا جائے۔ یورپی حکام چاہتے ہیں کہ جنگ کے بعد یوکرین اور خطے کی سلامتی سے متعلق فیصلوں میں ان کا کردار بھی یقینی بنایا جائے۔ مذاکرات میں سب سے اہم اختلافی امور میں یوکرین کا مشرقی علاقہ دونیتسک شامل ہے، جس کا بیشتر حصہ اس وقت روس کے قبضے میں ہے۔ ماسکو کا مطالبہ ہے کہ یوکرین دونیتسک کے باقی ماندہ علاقوں سے بھی دستبردار ہو جائے، جبکہ یوکرین موجودہ کنٹرول لائن کو برقرار رکھنے اور اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں کا قبضہ قائم رکھنے کا خواہاں ہے۔ کییف ان علاقوں کو اپنی مستقبل کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیتا ہے۔ دونوں ممالک تاحال اپنے عوامی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے، تاہم مذاکرات سے ایک روز قبل ایک امریکی عہدیدار نے اشارہ دیا تھا کہ ماسکو اور کییف نجی سطح پر اپنے مؤقف میں کچھ لچک دکھا چکے ہیں۔ اس پیش رفت کو مذاکرات کے لیے ممکنہ گنجائش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم کسی حتمی سمجھوتے یا اہم پیش رفت کی تصدیق نہیں ہوئی۔ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں اصل چیلنج دونوں فریقوں کے علاقائی مطالبات اور جنگ کے بعد سلامتی کی ضمانتوں پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ ابوظہبی مذاکرات کی کامیابی کا انحصار اسی بات پر ہوگا کہ روس اور یوکرین اپنے اختلافات کم کرنے کے لیے کس حد تک آمادگی ظاہر کرتے ہیں۔