فیصل آباد (مانند میڈیا) فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک میں انتظامیہ کی نئی بنائی جانے والی اینٹی انکروچمنٹ فورس نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے نام پر ہاتھ میں سامان بیچنے والے غریب محنت کشوں اور شولڈر شاپس والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ان کی جیکٹس اور ویسٹ کوٹس قبضے میں لے لیں، سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، شہریوں نے سخت سوالات اٹھا دیٔے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں تجاوزات کے خاتمے کے نام پر ایک نئی اینٹی انکروچمنٹ فورس تشکیل دی گئی ہے، جس کے اہلکاروں کو خصوصی شناخت کیلئے سرخ رنگ کی یونیفارم بھی فراہم کی گئی ہے، سرخ یونیفارم میں ملبوس اِس نئی ٹیم نے گھنٹہ گھر چوک کے گنجان بازاروں میں جا کر کسی پکے تجاوزات کو ہٹانے کے بجائے ان افراد کو نشانہ بنایا جو کندھوں پر سامان رکھ کر فروخت کرتے ہیں۔انتظامیہ کی اِس ٹیم نے گھنٹہ گھر میں کندھوں پر جیکٹس اور ویسٹ کوٹس رکھ کر گھوم پھر کر بیچنے والے شولڈر شاپس والوں کے خلاف کارروائی کی، اہلکاروں نے ان محنت کشوں کا تمام سامان اور ویسٹ کوٹس ضبط کرکے اپنے قبضے میں لے لیں، جبکہ روزگار کمانے والے شہریوں کے پاس دکانوں کے بھاری کرائے دینے کی استطاعت نہ ہونے کی وجہ سے وہ اِس طریقہ کار سے رزق کمانے پر مجبور ہیںاِس واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور عوام کی جانب سے انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہی حکومت کی گڈ گورننس کی تعریف ہے کہ روزگار فراہم کرنے کے بجائے غریبوں کا روزگار چھینا جا رہا ہے؟ بیوٹیفکیشن اور شہروں کی سجاوٹ سے پہلے غریب عوام کے لیے روزگار کی فراہمی ضروری ہے۔ سوشل میڈیا پر شہریوں نے سوال اٹھایا کہ کندھوں پر سامان رکھ کر گھومنا کس آئین اور قانون کے تحت ناجائز تجاوزات میں شمار ہوتا ہے؟ صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے وہ وقت بھی دور نہیں جب پنجاب حکومت کی مبینہ بیوٹیفکیشن کو متاثر ہونے سے بچانے کے لیے سڑکوں پر عام اور غریب شہریوں کا داخلہ ہی بند کر دیا جائے گا۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری شدید معاشی بحران کے دوران ان چھوٹے تاجروں کے پاس دکانیں کرائے پر لینے یا سیلز مین رکھنے کی مالی استطاعت نہیں ہوتی، یہ محنت کش بازاروں میں گھوم کر سامان بیچ کر اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں، اِس طرح کا یکطرفہ آپریشن اور سامان کی ضبطی انسانی بنیادوں پر انتہائی دردناک اور ناانصافی پر مبنی اقدام ہے جس پر بالا حکام کو فوری نوٹس لینا چاہیے

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے