شیرگڑھ ( نمائندہ مانند ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے آبی وسائل سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا ہے کہ پاکستانی اداروں کو ملک کی سالمیت کی فکر ہے جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئے روز اداروں بے جا تنقید کرکے اپنے عارضی شہرت کی فکر ہے اور اسی فکر اور اقتدار کے ہوس میں آندھا ہوکر عمران خان نے پاکستان اور قوم کوجھوٹ اور منفی پروپیگنڈوں سے ایسی تباہی کی طرف گامزن کیا ہے کہ آئی ایس آئی سربراہ کو قوم سے براہ راست ٹی وی پر آکر سچ کہنا پڑا۔عمران خان عالمی ایوارڈ یافتہ جھوٹا ہے جو رات کو منت سماجت اور دن کو اداروں پر تنقید سے عارضی شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں جس میں دن بدن کمی آرہی ہے اور سنجیدہ طبقہ ان کے دوہرے کردار سے نفرت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلو شاہ سخاکوٹ میں پی ٹی آئی کے رہنماء اور سابق کونسلر تاج محمد کی خاندان اور ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع سے یونین کونسل صدر سریر جمال تاج محمد تحصیل جنرل سیکرٹری محمد یونس خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سید محمدعلی شاہ باچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم اور خصوصأ نوجوانوں کے ساتھ رات کو ایک اور دن کو دوسرا کردار ادا کرنے والے عمران خان نے گذشتہ انتخابات میں جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک کو بھی پورا نہیں کیا جبکہ اب حقیقی آزادی کے نام پر ایک بار پھر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دس سال اور مرکز میں چار سال اقتدار کے دوران پی ٹی آئی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر دوچار کیا اور اگر پی ڈی ایم اقتدار نہ سنبھالتا تو آج ملک کو سری لنکا جیسے صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ دس سال مسلسل ایک پارٹی کے اقتدار میں صوبہ مثالی صوبہ بنتا لیکن ان کی نا اہلیت کے باعث پہلی دفعہ نہ ان کے پاس تنخواہیں موجود ہیں اور نہ ہی آمن و آمان قائم ہے جبکہ صوبائی محکمے مفلوج اور ملک میں افراتفری کی فضاء قائم ہے۔ سید محمد علی شاہ باچہ نے کہا کہ پاکستانی عوام عمران خان اور علاقائی منتخب ممبران کے اقتدار کو سامنے رکھ کر آئندہ ایسا فیصلہ کریں کہ ان کو اپنے نااہل قیادت اور سیاست کا پتہ چل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نا اہل حکومت کے نا اہل اور ناقص فیصلوں اور پالیسیوں کی سزا پی ڈی ایم کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ان کے نا اہل حکومت کی وجہ سے ملک کئی سال پیچھے چلا گیا ہے لیکن بہت جلد موجودہ حکومت مہنگائی سمیت تمام مشکلات پر قابو پالیگی اور ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کریگی۔