کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف کی زیرصدارت جمعرات کے روز تحصیل گمبٹ کے علاقہ چورلکی میں کھلی کچہری کاانعقاد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز محمد وقاص و سعد منیر کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے سربراہان سمیت آس پاس کے مضافات سے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ نومنتخب بلدیاتی نمائندوں،سماجی کارکنوں اورعمائدین علاقہ نے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیا۔ جس میں عوام کی زیادہ ترشکایات بجلی کی اوربلنگ، لوڈ شیڈنگ، سکولوں میں اساتذہ کی کمی، سکولوں کی اپ گریڈیشن، ایچ آر سی میں سٹاف کی کمی، سڑک،آبپاشی اورآبنوشی وغیرہ سرفہرست تھے۔ کھلی کچہری میں عوام کی طرف سے پیش کئے گئے مسائل و مشکلات کاحوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ کھلی کچہری موجودہ حکومت کاعوامی مسائل کے تدارک کیلئے اہم اورمفید ذریعہ ہے۔ لہٰذا اسکوموثربنانے کیلئے تمام افسران اس حوالے سے ملنے والی ہدایات پرعمل درآمد کو اولین ترجیح دیں تاکہ مشکلات سے دوچار عوام کوکسی حد تک ریلیف مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری کاایک مقصد یہ بھی ہے کہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رہے اوراپنے مسائل اور مشکلات براہ راست متعلقہ افسران تک پہنچائے جاسکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نمود ونمائش کو بالائے طاق رکھ کر مسائل کے حل کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں گی۔اس موقع پرعوام کی طرف سے مطالبہ کیا گیا کہ پیٹرول پمپوں کی گیج کا مکمل معائنہ کیا جائے تاکہ عوام کودرپیش خدشات کاترجیحی بنیادوں پرازالہ ہوسکے۔جس پرڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں عوامی خدشات کا ازالہ کرنے کیلئے آج ہی پٹرول پمپوں کے گیج چیک کریں۔