اپر چترال (مانند نیوز)اپر چترال میں سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد نہ کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کاروائی کی گئی۔ کئی ٹرانسپورٹرز کو جرمانہ کیاگیا جبکہ آئندہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اپر چترال منظور احمد افریدی کی خصوصی ہدایات اور عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر مستوج شاہ عدنان نے مقامی پولیس اور ٹریفک پولیس کے ہمراہ مختلف جگہوں میں ناکہ بندی کرکے قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف جرمانے لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنرنے کہا ہے کہ ایسے عناصر کی نشاندہی کے لئے ضلعی انتظامیہ اپر چترال عوام الناس سے تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اپر چترال متحرک ہے اور کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ سرکاری کرایہ نامہ سے تجاوز کریں۔اس کے علاوہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستو ج محمد علی نے مستوج اور اس سے متصل کاروباری مراکز کا دورہ کیا۔ دوران انسپکشن انہوں نے اشیاء خوردونوش کے نرخنامے چیک کئے۔ متعدد گرانفروشوں کے خلاف جرمانے لگائے۔انہوں نے مختلف جگہوں میں ناکہ لگاکر کرایہ ناموں سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے متعدد ٹرانسپورٹرز کو زائد کرایہ وصول کرنے سے باز رہنے کی ہدایت کی۔