بیجنگ(مانند نیوز ڈیسک)چین کے وسطی صوبے ہینان کی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے48افراد ہلاک، 2زخمی اور2لاپتہ ہوگئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق چین کے صوبے ہینان کے شہر آنیانگ کے ہائی ٹیک زون میں واقع ایک فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے عمارت کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔آگ کے باعث علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے48افراد کی لاشوں اور 2 زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ آگ پر قابو پانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کے 200 سے زائد اہلکاروں اور63 گاڑیوں نے حصہ لیا، کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔آگ لگنے کے بعد مرنے والوں کے اہلخانہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر جمع ہوگئی، فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات ظاہر نہیں کی گئیں۔ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے آتشزدگی کا شکار فیکٹری سے کچھ مشتبہ افراد کو تحویل میں لیا ہے تاہم ان کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔