لاہور(مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلی پنجاب چودہدری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہا اور آئندہ بھی ساتھ دینگے، اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران سیٹ اپ مشاورت سے تشکیل پائے گا۔وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہی کی زیر صدارت لاہور میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس کے بعد قانونی و آئینی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نگران وزیر اعلی کے نام کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔مشاورتی اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان، صوبائی وزرا میاں محمود الرشید، سردار حسنین بہادر دریشک، صوبائی مشیر عامر سعید، ایم پی اے یوسف بادوزئی، اکبر خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے بھی شرکت کی۔چودہدری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان سے جو وعدہ کیا اسے نبھایا، قانون اور آئین کے تحت کام کیا ہے، ہم جس کے ساتھ چلتے ہیں، خلوص اور دل سے ساتھ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہا ہے، آئندہ بھی ان کا ساتھ دیں گے، اسمبلی کی تحلیل کے بعد آئین کے تحت نگران سیٹ اپ مشاورت سے تشکیل پائے گا۔