ہنگو(مانند نیوز) منشیات کی روک تھام اور متاثرہ افراد کی بحالی حکومت اور سول سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئس سمیت دیگر منشیات کے خلاف عوامی آگاہی کیلئے اقدامات کی ضرورت ہیں۔ انٹی نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ بلا تفریق اور بلا تخصیص نا صرف موت کے سوداگروں کے خلاف ایکشن لے گی بلکہ نوجوانوں کو بھی کارآمد شہری بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں پورا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ہنگو رفیق خان مہمند، ڈی پی او ہنگو آصف بہادر اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ آفیسر شکیل احمد نے منشیات کیخلاف عوامی آگاہی واک اور سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکاٹیکسس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ڈی سی آفس سے منشیات کیخلاف عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی ڈپٹی کمشنر رفیق خان مہمند، ڈی پی او ہنگو آصف بہادر، اے ڈی سی فہید اللہ خان اور ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکشیشن آفیسر اینڈ نارکاٹکس کنٹرول ڈیمارٹمنٹ شکیل احمد نے کی۔ واک میں تمام سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلباء نے شرکت کی۔ اس موقع پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر رفیق خان مہمند نے کہا کہ نئی نسل بڑی تیزی سے منشیات کی طرف راغب ہو رہی ہیں، جس کی بدولت نا صرف نئی نسل تباہ ہو رہی ہیں بلکہ معاشرے میں اخلاقی و سماجی جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کیخلاف جنگ میں حکومت، سول سوسائٹی اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نا صرف منشیات فروشوں کیخلاف سخت اقدامات کی ضرورت ہیں بلکہ منشیات کی لت میں گرفتار افراد اور نوجوانوں کو پھر سے معاشرے کا کارآمد شہری بنانا بھی ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور اے این ایف کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی منشیات کی روک تھام کیلئے کوششیں متاثر کن ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹکسیشن اور نارکاٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ آفیسر شکیل احمد نے کہا کہ ہم معاشرے میں منشیات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں سمینارز اور تقاریب کے زریعے منشیات کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ ہم نا صرف منشیات کی بیخ کنی کیلئے متحرک ہے بلکہ منشیات سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔