اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی کامیابی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔شہید ذولفقار علی بھٹو کے 44ویںیوم شہادت کے موقع پر پیغام میں شازیہ مری نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، قائد اعظم کے بعد ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے تاریخ کے اوراق پر انمٹ نقوش مرتب کئے۔، قائد اعظم نے ملک بنایا اور شہید قائد عوام نے دولخت ملک کو بچا کر ایٹمی قوت بنایا،شہید بھٹو نے سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد نامساعد حالات میں ایک،مایوس اور منتشر قوم کو سنبھالا دیا اور ملک کو دوبار ہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ناقابل تسخیر بنا دیا۔ شہید بھٹو نے اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھارت سے نوے ہزار جنگی قیدیوں کو آزاد کرایا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1973کے آئین کی شکل مین قوم کو ایک متفقہ آئین دیا جو کہ آج بھی قومی یکجہتی کی علامت ہے۔انہوںنے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی دنیا اور عالمی برادی میں پاکستان کا وقار بلند کیا، اسی بنا پر 1974کی اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہوا۔ شہید بھٹو عالمی افق پر اسلامی دنیا کے اک بلند پایہ اور مدبر لیڈر کے طور پر نمودار ہوئے۔ انہوںنے کہا کہ استعماری قوتوں کو شاید شہید ذوالفقار علی بھٹو کا اسلامی دنیا کو متحد کرنے کا یہ کردار پسند نہیں آیا -دور آمریت کے طالح آزمائوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جسمانی طور پر تو ختم کر دیا لیکن بھٹو آج بھی کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ان کا دیا ہو ا آئین آج بھی زندہ و پائندہ ہے۔ آج پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ان کے مشن کی کامیابی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور مستقبل میں بھی کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ شہید بھٹو کی بیٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اپنے عظیم والد کے نقش قدم پر چل کر ملک کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس کے لئے اپنی جان تک قربان کر دی۔ آج بھی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قائد عوام شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔اور وہ دن دور نہیں جب شہید بھٹو کا ایک ترقی یافتہ، پر امن اور جمہوری پاکستان کا خواب پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔کل بھی بھٹو زندہ تھا-آج بھی بھٹو زندہ ہے۔