پشاور(مانند نیوز ڈیسک) شعبہ سیاسیات اسلامیہ کالج پشاور نے اصلاحی جماعت اور عالمی تنظیم العرفین کے اشتراک سے سیرت النبی ﷺ پر ایک روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حسنین خان نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ طلباء مدثر شاہ اور شاہ سعود نے نعت پڑھی کانفرنس میں ڈاکٹر امیر اللہ خان، چیف آرگنائزر نے موجودہ عالمی نظام میں اس کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور انہوں نے سلطان محمد علی، ان کے نمائندوں محمد وقاص، شہباز خان اور رومان خان ایڈووکیٹ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ مہمان مقرر محمد وقاص امیر نے نبی کریم ﷺ کی زندگی اور تعلیمات پر فکر انگیز لیکچر دیا۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر مفتی سید نعیم بادشاہ بخاری، چیئرمین شعبہ اسلامیات، زرعی یونیورسٹی پشاور نے بھی نبی کریم ﷺکی سیرت و تعلیمات اور عصر حاضر کے عالمی مسائل سے ان کی مطابقت پر گفتگو کی۔ انہوں نے مہمانوں، منتظمین اور شرکاء کا بھی شکریہ ادا کیاکانفرنس کے اختتام میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہم حضور اکرمﷺ کی سیرت خود بھی پڑھیں اور اپنے بچوں کو بھی پڑھانے کا خاص اہتمام کریں۔