پشاور(مانند نیوز) جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحرا للہ خان نے اعلان کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس بلوں میں مسلسل اضافے اور حکومت کی عوامی مسائل کے حل میں ناکامی کے خلاف جماعت ا سلامی اگلے ہفتے پشاور شہر کے 7مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کریگی، پشاور پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنما خالد گل مہمند اور دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو آئی ایم ایف اور حکمرانوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیگی، ہم نے پہلے بھی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا ہے اور اب کی بار بھی گیس بلوں میں 194فیصد اضافے کی تجویز کی نہ صرف پرزور مذمت کرتے ہیں بلکہ اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج بھی کرینگے، بحر اللہ خا ن ایڈوکیٹ نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے باوجود اگر نگران حکومت نے گیس بلوں میں اضافے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو جماعت اسلامی نہ صرف گورنر ہاوس کے باہر احتجاجی دھرنا دیگی بلکہ آئیندہ ہفتے ال پارٹیز کانفرنس کا بھی انعقاد کریگی جس میں تمام سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں، وکلا، ہوٹلز ایسوسی ایشن سمیت تمام طبقات کو شرکت کی دعوت دی جائیگی تاکہ بے لگام مہنگائی کے خلاف مشترکہ طور پر آواز اٹھائیں۔