پشاور(مانند نیوز) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی و آبنوشی انجنیئر عامر درانی نے بدھ کے روز ضلع سوات کا دورہ کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ سیکرٹری بلدیات داود خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا سیٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ سید ظفر علی شاہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔نگران وزیر نے ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے دفتر کا دورہ کیا۔اورکمپنی کے ملازمین اور عملے سے ملاقات کی۔نگران وزیر کو واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز سوات کے جاری سرگرمیوں کے حوالے سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر قاسم علی خان نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں متعلقہ افسران نے خیبر پختونخوا سیٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ کے حوالے سے گریٹر گریوٹی واٹر سپلائی سکیم مینگورہ پر جاری کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔خیبر پختونخوا سیٹیز امپروومنٹ پروجیکٹ کے دوسرے سیکشن جس میں خواتین کے لئے پارک بنایا جا رہا ہے، کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔انجینئر عامر درانی نے مینگورہ شہر میں گریوٹی سکیم کے بننے والے واٹر ٹینکس اور پارک کے سائٹ کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر نگران وزیر نے متعلقہ حکام کو جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے اور اس سلسلے میں شفافیت کو برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے عوام کو فائدہ پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔نگران وزیر انجینئر عامر درانی نے کہا کہ ضلع سوات سیاحت کاایک مرکز ہے پاکستان سمیت بیرونی ممالک سے بھی سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔نگران صوبائی حکومت سوات کے انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے سلسلے میں پینے کے صاف پانی کے بڑے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے جائینگے انہوں نے واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی حکام کو سوات میں صفائی و ستھرائی نظام کو مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کردی۔