پشاور (مانند میڈیا) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جائیداد کے تنازع پر ہونے والے جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ رنگ روڈ پر کبوتر چوک کے قریب واقع ایک مقامی ہوٹل میں پیش آیا، جہاں دونوں فریقین کے درمیان جائیداد کے تنازع کو حل کرنے کے لیے جرگہ جاری تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق جرگے کے دوران اچانک فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دونوں فریقین کے درمیان جائیداد کے تنازع پر ہونے والے جرگے کے دوران پیش آیا۔ پولیس نے جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیں جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔