کوہاٹ (مانندنیوز )کوہاٹ میں گورنمنٹ سکولز کے ڈسٹرکٹ سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول کوہاٹ میں ہو گیا۔ مذکورہ سپوررٹس گالا کا افتتاحی میچ درہ آدم خیل زون کے گورنمنٹ ہائی سکول شیراکی اور سٹی زون کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کوہاٹ نمبر ون کے مابین کھیلا گیا جسے آخرالذکر نے جیت لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ سید عابد شاہ، درہ آدم خیل زون کے گیمز سیکر ٹری و فوکل پرسن برائے سپورٹس و سکاؤٹس وزیر آفریدی اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔مقررین نے کہا کہ کھیل ایک بہترین ورزش ہے جس سے انسان کو مجموعی طور پر اپنا صحت برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔مختلف کھیلوں میں باقاعدگی سے مشغول رہنا انسان کو مختلف دائمی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ کھیلوں سے طلبہ کی کردار سازی، قائدانہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے تعلیم کے ساتھ ساتھ مناسب اوقات میں کھیل کود بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عنقریب ڈسٹرکٹ کی سطح پر اولمپکس گیمز شروع کئے جارہے ہیں انہی ٹیموں سے بہترین کھلاڑیوں کو چنا جائیگا اور ہر گیم کی پانچ پانچ ٹیم بنائے جائیں گے۔پھر یہ کھلاڑی صوبائی سطح پر مقابلوں میں ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انہی چھوٹے چھوٹے کھیل کے میدانوں میں کھلاڑی تیار ہو کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں۔