کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت انتظامی افسران کے ہمراہ مختلف عوامی مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بس اسٹینڈ، فروٹ و سبزی منڈی، زیر تعمیر اوور ہیڈ واٹر ریزروائر اور گورنمنٹ پرائمری اسکول، پی اے ایف بازار کوہاٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔کمشنر کوہاٹ نے بس اسٹینڈکے دورے میں صفائی کی صورتحال کوناقص پایا۔ ٹوائلٹس بند اور ناقابل استعمال تھے جبکہ پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی موجود نہیں تھی جس پر کمشنر کوہاٹ مُعتصم باللہ شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو18گھنٹے کے اندر صفائی اور بنیادی سہولیات کی بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا بصورت دیگر سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی۔ بعد ازاں فروٹ و سبزی منڈی کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں صفائی کی ابتر صورتحال اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث ٹی ایم اے کوہاٹ کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ ناقص کارکردگی پر چیف سینٹری انسپکٹر محمد وقاص اور اڈہ انچارج جھانگ خان کو معطل کرکے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کو ان 2 اہلکاروں کے خلاف انکوائری قانون کے مطابق ایک ہفتے کے اندر مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ کمشنر کوہاٹ نے واسا کوہاٹ کے زیر نگرانی تعمیر ہونے والے اوور ہیڈ واٹر ریزروائر کا جائزہ لیا جہاں متعلقہ انجینئر نے منصوبے کی مالی اورفزیکل پیش رفت پر بریفنگ دی۔ کمشنر کوہاٹ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور ترقیاتی کاموں کی مؤثر نگرانی کیلئے ڈویژنل مانیٹرنگ اتھارٹی کو فعال بنایا جائے۔ کمشنر کوہاٹ نے گورنمنٹ پرائمری اسکول پی اے ایف بازار کا بھی دورہ کیا جہاں صفائی کی صورتحال اور اساتذہ و طلبہ کی حاضری کو تسلی بخش پایا گیا تاہم اسکول میں اساتذہ کی کمی کے باعث کمشنر کوہاٹ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ کو فوری طور پر خالی آسامیوں پر اساتذہ کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی کیونکہ 220 طلباء کیلئے صرف 3 اساتذہ دستیاب تھے۔ کمشنر کوہاٹ کا یہ دورہ عوامی مسائل کے فوری حل اور حکومتی منصوبوں کی شفاف نگرانی کے عزم کا حصہ تھا تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محکمہ جات میں بھی صفائی کی ابتر حالت پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔