کرک (مانند نیوز)ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کرک میں صحت کارڈ سہولت اور سنٹرالائیزڈ آکسیجن فراہم کرکے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے ضلع کرک کے عوام کو ان کے گھر کے دہلیز پر مفت علاج کا وعدہ پورا کر دیا جس کاباقاعدہ افتتاح چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی کرک خورشید خٹک ایم پی اے نے ایک تقریب میں کر دیا۔ مذکورہ ہسپتال میں آج سے باقاعدہ طور پر تمام مریضوں کا علاج صحت کارڈ پر مفت ہوگا۔افتتاحی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری دلیر خٹک، سپیکر تحصیل کونسل کرک انجینئر حسن جان، فوکل پرسن ٹو ایم این اے عاشق منیر خٹک، تحصیل صدر عاصم خٹک، یوتھ ونگ جنرل سیکرٹری فیصل جان، جنرل سیکریٹری تحصیل کرک لطیف خٹک، سینئر نائب صدر عالم زیب خٹک، جنرل سیکریٹری آئی ایس ایف ثناء اللہ شاہ اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز اور عہدیداران موجود تھے۔ خورشید خٹک ایم پی اے نے کہا کہ وہ جھوٹ کی سیاست پر قطعاْیقین نہیں رکھتے لہٰذا عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے اور ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جسے ایفانہ کرسکے۔