پشاور(مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات پر بریفنگ دی گئی، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ اس موقع پر محکمہ کو درپیش چیلنجز، مسائل اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اصلاحات پر بھی غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے محکمہ کو ہدایت دی کہ مجوزہ منصوبوں کے لیے مقررہ مدت کا تعین کیا جائے تاکہ ان پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی نے بھی جاری منصوبوں پر مختصر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایسے منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی جو معیشت کے استحکام کا سبب بنیں اور بہتر رابطوں اور عوامی سفری سہولت کو مزید آسان بنائے۔ چیف سیکرٹری نے محکمے کے منصوبوں میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے مؤثر طرز حکمرانی اور صوبے کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔