پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کو خط لکھا ہے۔خط میں وزیر اعظم کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرکے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔خط کے متن کے مطابق21 جون 2008 کو اُس وقت کے وزیرِاعظم پاکستان نے قومی اسمبلی میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کا اعلان کیا تھا، اُس وقت کے وزیر اعظم کا یہ اقدام ملک و قوم کیخاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنا تھا،خط کے مطابق 9 اگست 2008 کو اُس وقت کے وزیراعظم کے اعلان پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کیجانب سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔خط میں لکھاگیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی قومی ہیروز کے نام پر ائیر پورٹ موجود ہیں۔اسلام آباد ائیر پورٹ کا نام بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنا شہید محترمہ کی سیاسی، جمہوری و عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیساتھ عوامی مفاد کا اقدام تھا،عوام کے شدید مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست کرتا ہوں کہ متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔خط میں لکھاگیاہے کہ آپ کا یہ اقدام ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی و جمہوری جدوجہد کیلئے شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ثابت ہو گا۔ امید ہے کہ آپ اس پر مثبت ردعمل دیں گے۔#