پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ملکی خارجہ پالیسی کو ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے۔اقتصادی و ترقیاتی اہداف کو سامنے رکھتے ہوئے مؤثر خارجہ پالیسی، دنیا میں پاکستان کی انسانی ترقی، معاشی خوشحالی، اور امن کیلئے اقدامات کے مثبت اثرات مرتب کرے گی-ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اسلام اباد میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے زیر اہتمام ”فارن پالیسی فار اے بیٹر فیوچر: الائننگ ڈپلومیسی ود ڈویلپمنٹ گولز” کے عنوان سے منعقدہ فلیگ شپ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا.کانفرنس میں صدر انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز ایمبیسیڈر جوہر سلیم، سمیت دیگر ملکی و غیرملکی مندوبین، ماہرین، اور دانشوروں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی کو ”جیو اکنامک وژن” کی جانب موڑ دیا ہے، جس میں علاقائی رابطہ کاری، تجارت، اور پائیدار شراکت داریوں پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ جنوبی اور وسطی ایشیا کے درمیان پُل کی حیثیت رکھتا ہے، جو خطے کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کے خارجہ پالیسی کے اصول ”دنیا بھر کے ممالک سے دوستی” کو یاد دلایا۔ گورنر نے کہا کہ ترقی کیلئے ضروری ہے کہ بین الاقوامی شراکت داریوں سے نوجوانوں، خواتین، اور پسماندہ طبقات کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے تعلیم، دیہی علاقوں میں انفراسٹرکچر، موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق زراعت، اور صنفی مساوات جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری پر زور دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے ساتھ ہم آہنگی کو ترجیح دینے کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ اس سے بین الاقوامی فنڈنگ اور ٹیکنالوجی تک رسائی ممکن ہوگی۔ #