پشاور (مانند نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے، اس کیلئے وفاقی حکومت کو افغان حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی وضع کرنی ہوگی تاکہ سرحد پار درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دورہ ریجنل انفارمیشن آفس کوہاٹ کے موقع پر پختونخوا ریڈیو کوہاٹ کے خصوصی پروگرام ”پرمخ تگ“ میں کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ اندرونی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت سخت اقدامات اٹھا رہی ہے کیونکہ امن ترقی کیلئے بنیادی شرط ہے، اسی مقصد کیلئے ہر تھانے کے ایس ایچ او کو بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا آغاز دہشت گردی سے متاثرہ اضلاع سے ہوگا۔ پولیس کی تربیت بھی جدید خطوط پر کی جا رہی ہے تاکہ دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔ افغان مہاجرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ان کی جبری بے دخلی سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ افغان شہریوں کی پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہے۔ اگر انہیں اچانک واپس بھیجا گیا تو ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بارے میں بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انتہائی قلیل وقت میں متاثرین کی مدد اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائے ہیں۔ اب تک 6 ارب روپے متاثرین کیلئے ریلیز کئے جا چکے ہیں جبکہ امدادی رقوم کو بھی دوگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خود بحالی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ وفاقی حکومت، منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے۔ کلائمٹ چینج کے حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان کا اس میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن بدقسمتی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان شامل ہے۔ اس لئے وفاقی حکومت کو زیادہ سے زیادہ ڈیمز تعمیر کرنے چاہئیں تاکہ پانی کے ذخائر محفوظ ہوں اور توانائی کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا سدباب وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مزید فعال بنانا ہوگا تاکہ غلط معلومات اور افواہوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ قبل ازیں دفتر پہنچنے پر ریجنل آفیسر انفارمیشن ارشاد آفریدی اور سٹیشن منیجر پختونخوا ریڈیو کوہاٹ ا نجینئر ڈاکٹر اطہر سوری نے عملے کے ہمراہ مشیر اطلاعات کا پرتپاک استقبال کیا،انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔مشیر اطلاعات نے بریفنگ کے دوران ریجنل انفارمیشن آفس اور ریڈیو کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی کیلئے میڈیا کا پلیٹ فارم نہایت مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔