اسلام آباد (مانند نیوز) ڈسٹرکٹ میڈیکل انٹامالوجسٹ ایبٹ آباد ڈاکٹر عافیہ زیب خان نے کہا ہے کہ ڈینگی ایک وائرل بیماری ہے جس سے چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے محفوظ رہا جا سکتا ہے اور متاثرہ 90 فیصد مریض بغیر کسی سنگین علامات کے صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ تاہم ڈینگی کا وکٹر (مچھر) تیزی سے مضبوط ہو رہا ہے جس سے اس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔پختونخوا ریڈیو ایف ایم 92.4 ایبٹ آباد کے پروگرام "صحت زندگی” میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عافیہ زیب خان نے کہا کہ ڈینگی وائرس پھیلانے والا مچھر صاف پانی کے علاوہ گھروں کی نکاسی آب کی نالیوں میں بھی پرورش پاتا ہے اور یہ زیادہ تر صبح اور شام کے اوقات میں انسانوں کو نشانہ بناتا ہے۔ اس کی پہچان کالے رنگ کے جسم پر موجود سفید دھاریوں سے کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی بخار کی نمایاں علامات میں تیز بخار، جوڑوں اور پٹھوں میں درد، آنکھوں کے پیچھے درد، قے اور متلی شامل ہیں۔ مریضوں کو چاہیے کہ وہ مستند لیبارٹری سے این ایس ون ٹیسٹ کروائیں، سلف میڈیکیشن سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا استعمال کریں،بھر پور آرام کریں اور کم از کم سات دن تک ایسولیشن اختیار کریں تاکہ دیگر افراد متاثر نہ ہوں۔ پلیٹلیٹس کی سطح خطرناک حد تک کم ہونے کی صورت میں فوری طور پر ہسپتال سے رجوع کریں جہاں ڈینگی کے لیے علیحدہ وارڈز اور ایسولیشن چیمبرز قائم ہیں۔ڈاکٹر عافیہ زیب خان نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے گھروں اور گلیوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے، پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھے جائیں، گملوں اور پودوں میں موجود پانی ختم کیا جائے اور کھڑکیوں و دروازوں پر جالیاں لگائی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جسم پر مچھر بھگانے والا لوشن لگانے اور علامات ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر ڈینگی کے تدارک اور عوامی آگاہی کے لیے کمیٹیاں فعال ہیں جو مختلف علاقوں اور مارکیٹوں میں جا کر لاروا تلف کرنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے اقدامات کر رہی ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے