کرک (مانند نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کرک صاحبزادہ سمیع اللہ کی زیر صدارت کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام سروس ڈیلیوری سنٹر (کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ) بانڈہ داؤد شاہ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ داؤد شاہ حافظ علی نعیم شیخ اور نمائندہ پولیس اے ایس آئی نور شاہ علی بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر امن و امان قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اہلِ علاقہ سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ منشیات کے خاتمے اور امن کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ضلع کرک حقیقی معنوں میں امن و سکون کا گہوارہ بن سکے۔ سوال و جواب کے سیشن میں مقامی مشران اور عوام نے اپنے مسائل پیش کئے جن میں مول آئل اینڈ گیس کمپنی سے متعلق شکایات سرفہرست رہیں۔ دیگر مسائل میں سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی کمی، سکولوں کی بوسیدہ عمارتیں، گاؤں میں گیس کنکشنز کی عدم دستیابی اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے ٹورنامنٹس نہ ہونے جیسے مسائل شامل تھے۔ عوام نے یہ تجویز بھی دی کہ پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں خوش اخلاق اور اچھے کردار کے حامل افراد کو شامل کیا جائے تاکہ عوامی مسائل خوش اسلوبی سے اور بر وقت حل کئے جا سکیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ پروگرام کے اختتام پر وطن عزیز کی ترقی، سلامتی اور امن و امان کیلئے دعا کی گئی۔