اورکزئی (مانند نیوز)ضلع اورکزئی کے علاقے اپر غلجو میں تین سالہ معصوم بچی مقدس کے اغواء اور بہیمانہ قتل کا نہایت افسوسناک اور دلخراش واقعہ پیش آیا۔ واقعے پر تھانہ غلجو میں مقدمہ درج کر کے فوری، جامع اور نتیجہ خیز تفتیش عمل میں لائی گئی۔تفصیلات کے مطابق 19نومبر2025 کو مدعی عبدالقیوم نے اپنی بھتیجی مقدس (عمر تقریباً تین سال) کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ غلجو میں درج کرائی۔ بعد ازاں شواہد اور قانونی تقاضے مکمل ہونے پر مقدمہ علت نمبر 30 مورخہ 27نومبر2025 بجرم 364A/34 کے تحت تھانہ غلجو میں باقاعدہ درج کیا گیا۔دورانِ تفتیش اپر غلجو کے پہاڑی علاقے سے ایک کمسن بچی کا ڈھانچہ برآمد ہوا۔ واقعے کی سنگینی اور حساس نوعیت کے پیش نظر ضلعی پولیس آفیسر اورکزئی کی براہِ راست نگرانی میں ایک خصوصی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی، جس میں تفتیشی، تکنیکی اور انٹیلی جنس افسران شامل تھے۔ ٹیم نے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے اہم شواہد اکٹھے کیے۔تفتیش سے انکشاف ہوا کہ واقعے کا مرکزی ملزم زینہ گل اپنے ساتھی احسان کے ساتھ مل کر اغواء کا منصوبہ بنانے میں ملوث تھا، جبکہ فضل الرحمان عرف رومان کو مالی لالچ دے کر سہولت کاری کے لیے شامل کیا گیا۔ ملزمان نے معصوم بچی کو اغواء کر کے پہاڑی علاقے میں ایک خفیہ مقام پر قید رکھا، جہاں نشہ آور مواد کے ذریعے اسے بے ہوش رکھا گیا۔مزید تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ قید کے دوران بچی کی حالت بگڑتی چلی گئی اور ملزمان کی سفاکی کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکی۔ جرم چھپانے کی غرض سے ملزمان نے بچی کی لاش ایک ویران مقام پر دفنا دی اور شواہد مٹانے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس کی پیشہ ورانہ اور سائنسی تفتیش کے نتیجے میں کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔برآمد شدہ ڈھانچے کو پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (PFSA) لاہور بھجوایا گیا، جہاں سے موصول ہونے والی ڈی این اے رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ڈھانچہ مغویہ بچی مقدس کا ہی ہے۔ضلعی پولیس نے انٹیلی جنس بنیادوں پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر بچی کے کپڑے اور دیگر اہم شواہد بھی برآمد کیے گئے۔ مزید تفتیش کے لیے عدالتِ مجاز سے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے تاکہ اس گھناؤنے جرم میں شامل تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔ضلعی پولیس عوام کو یقین دلاتی ہے کہ معصوم بچی کو انصاف فراہم کرنے اور تمام ذمہ دار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے ہر ممکن قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے