کوہاٹ میں بجلی، گیس اور پانی کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات، نئے گیس منصوبے پر تیز رفتار پیشرفت کا فیصلہ
کوہاٹ میں بجلی، گیس اور پانی کی قلت کے مسائل کے فوری حل کیلئے اعلیٰ سطحی اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ نئے دریافت شدہ گیس ذخائر کو قومی سپلائی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے کی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔یہ فیصلے کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ کی زیرِصدارت ان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کئے گئے جس میں رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی، وزیرِاعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان کے فوکل پرسن اور متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو درپیش بنیادی سہولیات کے مسائل جن میں سرفہرست بجلی،گیس اور پانی ہیں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ طے پایا کہ گیس، بجلی اور پانی سے متعلق تمام فیصلوں پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی نگرانی میں مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ دریں اثنا کمشنر کوہاٹ ڈویژن کی زیرِصدارت ایک علیحدہ اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں نئے دریافت شدہ گیس ذخائر کو مین ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کرنے کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مول پاکستان کے نمائندوں کے علاوہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، ضلعی پولیس افسران اور آئل اینڈ گیس کے شعبے سے وابستہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبے کی پیشرفت اور عملی تقاضوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔ کمشنر کوہاٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے نئے گیس ذخائر کی دریافت کو ملک، صوبے اور بالخصوص مقامی آبادی کیلئے اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم اور نعمت قرار دیا۔ کمشنر کوہاٹ کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے گیس کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، توانائی کے شعبے کو استحکام حاصل ہوگا اور علاقے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ نے عوام کو بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور اہم توانائی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔