وانا (نمائندہ مانند) جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے بامبرائی کے مکین جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اس حوالے سے سماجی رہنما ملک محمود خان وزیر نے اپنے بیان میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وچہ خوڑا کا علاقہ بامبرائی سینکڑوں گھرانوں پر مشتمل ایک بڑا گاؤں ہے، تاہم یہاں صحت، تعلیم، سڑک اور خصوصاً انٹرنیٹ جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، جو نہایت افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ قریبی علاقے وچہ خوڑا تک انٹرنیٹ کیبل پہنچ چکی ہے، لیکن محض چند سو میٹر کے فاصلے پر واقع بامبرائی تاحال اس بنیادی سہولت سے محروم ہے، جو متعلقہ اداروں کی غفلت اور عدم توجہی کا واضح ثبوت ہے۔ملک محمود خان وزیر نے مزید کہا کہ علاقے میں بنیادی صحت مرکز نہ ہونے کے باعث مریضوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ تعلیمی سہولیات کی کمی کی وجہ سے بچوں اور نوجوانوں کا مستقبل بھی داؤ پر لگا ہوا ہے۔ خستہ حال سڑکیں آمد و رفت میں شدید رکاوٹ کا باعث ہیں، جس سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی نوجوانوں کی تعلیم، آن لائن مواقع، روزگار اور ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے، جس کے باعث علاقہ مزید پسماندگی کا شکار ہو رہا ہے۔آخر میں انہوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا کہ بامبرائی کو فوری طور پر بنیادی سہولیات، خصوصاً انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے انٹرنیٹ کیبل بچھانے کے منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تاکہ علاقے کے عوام بھی جدید سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔