0

اپر اورکزئی تحصیل ہیڈ کوارٹر غلجو میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اہم قومی جرگہ کا انعقاد

اورکزئی (مانند نیوز)اپر اورکزئی تحصیل ہیڈ کوارٹر غلجو میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اہم قومی جرگہ کا انعقاد،جرگہ میں امن و آمان اور ترقیاتی مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت تفصیلات کے مطابق اپر اورکزئی تحصیل ہیڈ کوارٹر غلجو میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اہم قومی جرگہ منعقد کیا گیا جس میں علاقے کے عوامی مسائل، امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ جرگے میں کمانڈنٹ اورکزئی اسکاوٹس کرنل عدنان، ڈپٹی کمشنر عرفان الدین، ڈی پی او شوکت علی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران، علاقہ عمائدین اور مقامی مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔قبائلی عمائدین ملک زلی من شاہ، ملک قاسم گل، ملک فضل محمد اور ملک محمد رحمان نے علاقے کے درپیش مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امن کے خواہاں ہیں اور پاک فوج و پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے متعدد بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غلجو میں ضلعی ہیڈ کوارٹر کی عمارت کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے، پینے کے پانی کے مسائل حل کیے جائیں، شاہو غلجو روڈ پر فوری کام شروع کیا جائے، شیڈول فور میں شامل بے گناہ مشران کو نکالا جائے، گھریلو سروے کے چیکس فراہم کیے جائیں، اسکولوں اور ہسپتالوں میں عملہ اور سہولیات بہتر بنائی جائیں، بجلی کے گرڈ اسٹیشن کو فعال کیا جائے، زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں عوام کوعملی سہولتیں فراہم کی جائیں، جبکہ تباہ شدہ جنگلات کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر اورکزئی عرفان الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اپر اورکزئی کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور متعدد منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام محکموں کے دفاتر غلجو میں منتقل کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے عارضی عمارتیں مختص کر دی گئی ہیں اور ایک ماہ کے اندر دفاتر مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل کمشنر کی نگرانی میں جاری ہے جس سے ہسپتالوں میں طبی سہولیات بہتر ہوں گی۔ اسی طرح اسکولوں میں مقامی نوجوانوں کو بطور اساتذہ بھرتی کیا جائے گا جبکہ تقریباً 20 ہزار بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کے لیے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ انٹرنیٹ اور موبائل سگنلز کے مسائل ایک ماہ کے اندر حل کر لیے جائیں گے، جبکہ نادرا دفاتر میں خواتین عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول فور سے متعلق مسائل بھی آئندہ ہفتے تک حل کر دیے جائیں گے تاکہ بے گناہ افراد کو ریلیف مل سکے۔ڈی پی او شوکت علی نے اس موقع پر کہا کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آ رہی ہے اور مشران کا کردار اس میں نہایت اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ تین ماہ میں صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔کمانڈنٹ اورکزئی اسکاوٹس کرنل عدنان نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے ہر امن پسند شہری کے خادم ہیں اور ان کا مقصد عوام کے ساتھ مل کر امن کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد پہلی مرتبہ تمام ادارے غلجو میں دوبارہ فعال ہو رہے ہیں اور ہر ماہ مشترکہ جرگہ منعقد کیا جائے گا تاکہ مسائل کو موقع پر حل کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشتگرد عنصر سے سختی سے نمٹا جائے گا اور علاقے میں امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، فوج اور عوام مل کر کام کریں گے تو علاقے میں ترقی اور خوشحالی ممکن ہوگی۔کمانڈنٹ کرنل عدنان نے مزید کہا کہ بیواؤں، یتیم بچوں اور غریب خاندانوں کی کفالت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور علاقے کو پائیدار امن کی طرف لے جایا جائے گا۔جرگے کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ کوششوں سے اپر اورکزئی میں امن، ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں