اسلام آباد (مانند نیوز) بھارتی شہر ایودھیا کے مشہور رام مندر میں عطیات کی مبینہ چوری سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے تقریباً 3 ماہ قبل عطیات گننے والے عملے پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں ہٹانے کی سفارش کی تھی تاہم مندر ٹرسٹ کے بعض عہدیداروں نے مبینہ طور پر اس کارروائی کو روک دیا تھا۔

پولیس نے اس معاملے میں مندر ٹرسٹ کے سابق جنرل سیکریٹری چمپت رائے کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے جبکہ سابق ٹرسٹی انیل مشرا اور گوپال راؤ کو بھی نوٹس جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک عطیات کی گنتی کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ پولیس کے مطابق 2 بینک ملازمین کے کردار کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں جن کے خلاف کارروائی متوقع ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان پر شبہ ہے کہ انہوں نے مندر کے عطیات میں سے تقریباً 7 سے 7.5 کروڑ روپے خرد برد کیے۔

پولیس کے مطابق اب تک ملزمان سے تقریباً 70 سے 80 لاکھ روپے نقد برآمد کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید رقوم اور اثاثوں کی حوالگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر خرد برد کی گئی رقم سے غیر معمولی جائیدادیں اور قیمتی اثاثے بنائے جن میں تقریباً 65 لاکھ روپے مالیت کا ایک مکان، آبائی گاؤں میں تعمیر کیا گیا ایک فارم ہاؤس، ایک اسپورٹس یوٹیلٹی گاڑی، 1 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی اثاثے شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تمام اثاثے ملزمان کی آمدن سے کہیں زیادہ ہیں اس لیے ان کی خریداری کے ذرائع کی بھی چھان بین کی جا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں سے بیشتر کی بھرتی سفارش پر کی گئی تھی اور پولیس سے ان کی تصدیق بھی نہیں کروائی گئی تھی۔

مندر ٹرسٹ اب نئی بھرتیوں کے لیے سخت ضوابط متعارف کروانے پر غور کر رہا ہے جس کا حتمی فیصلہ 11 جولائی کو ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے