اسلام آباد (مانند نیوز) مصر کی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے ارجنٹینا کے خلاف سنسنی خیز میچ میں متنازع فیصلوں کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے منتظمین پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد مصر کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے علاوہ، مصری کھلاڑیوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی متنازع فیصلوں پر ریفریز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
مصری کوچ حسام حسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں واضح طور پر کہا ہے کہ نتائج کچھ بھی ہوں، میں وہی کہوں گا جو میرے دل میں ہے۔
انہوں نے منتطمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میچ کے نتائج منصفانہ نہیں ہیں، شاید دفاعی چیمپئن اور لیونل میسی کو ورلڈ کپ کی دوڑ میں رکھنا چاہتے ہیں۔
مصر کے کھلاڑی مصطفیٰ زیکو نے ریفری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریفری کا رویہ غیر منصفانہ تھا، اس نے پوری قوم کی محنت ضائع کر دی، میچ کے آغاز سے ہی وہ ہمارے خلاف تھا، ٹورنامنٹ پہلے ہی فکس تھا۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول وی اے آر کے ذریعے مسترد کر دیا گیا، ریفری نے تقریباً 100 گز دور ہونے والے ایک مبینہ فاؤل کی بنیاد پر گول منسوخ کیا، جس پر مصری ٹیم نے سخت اعتراض کیا۔
اس کے علاوہ میچ کے دوران 2 بار ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے مصری کھلاڑیوں کو گرایا لیکن ریفری نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے اس رویے پر فاؤل اور مصر کی ٹیم کو پنالٹی شوٹ نہیں دیا۔