اسلام آباد (مانند نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سیکیورٹی پر مامور خفیہ سروس کے اہلکاروں میں مبینہ طور پر ان کے بار بار، اچانک سفری منصوبوں اور آخری وقت میں شیڈول تبدیل کرنے پر بے چینی بڑھ رہی ہے۔
امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اور ان کی فیملی کی حفاظت کے فرائض انجام دینے والے بعض اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وینس فیملی کے اچانک اور متعدد طرزِ سفر سے ناصرف اخراجات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ سیکیورٹی ٹیم پر بھی اضافی دباؤ پڑتا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک موقع پر جے ڈی وینس اور ان کے کم عمر بیٹے کو گالف کی تربیت کے لیے واشنگٹن کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لے جانے کی درخواست کی گئی جس پر اہلکاروں نے حیرت کا اظہار کیا تاہم خراب موسم کے باعث یہ سفر نہیں ہو سکا۔
امریکی میڈیا ’ایم ایس ناؤ نیوز‘ کے مطابق نائب صدر اور ان کی اہلیہ اُوشا وینس نے ورجینیا میں گھر کی تلاش کے دوران بھی متعدد بار ہیلی کاپٹر پر سفر کیا جس سے سیکیورٹی انتظامات مزید پیچیدہ ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض اہلکار مسلسل شیڈول کی تبدیلیوں اور پیشگی اطلاع نہ ملنے پر نالاں ہیں، اسی ناراضی کے اظہار کے لیے کچھ اہلکاروں نے ہلکے پھلکے انداز میں مزاحیہ مگر طنزیہ اسٹیکرز بھی تیار کیے ہیں۔
دوسری جانب جے ڈی وینس کے دفتر نے کسی بھی غلط طرزِ عمل کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وینس خاندان سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات کا احترام کرتا ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتا ہے۔
امریکی خفیہ سروس کے نائب سربراہ میتھیو کوئن نے بھی اہلکاروں کے کام کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ حکومتی شخصیات کے تحفظ کے فرائض میں طویل اوقات کار، مسلسل سفر اور غیر متوقع تبدیلیاں معمول کا حصہ ہوتی ہیں۔
معروف صحافی کیرول لیونگ نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ سروس کے اہلکار عام طور پر عوامی شکایات نہیں کرتے اس لیے اس نوعیت کی ناراضی کو سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے۔