اسلام آباد (مانند نیوز) ایران نے آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکروں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے 2 آئل ٹینکروں کے دھماکوں سے تباہ ہونے سے متعلق ایرانی دعویٰ مسترد کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ آج (ہفتے کی) صبح آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کے دوران 2 آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دھماکوں کا شکار ہوئے اور ان میں آگ بھڑک اٹھی۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کی بحریہ کا کہنا تھا کہ دونوں جہاز آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں والے راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے، جہاں وہ بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے آئی آر جی سی بحریہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی جارحیت کے باعث آبنائے ہرمز انتہائی غیر محفوظ اور مکمل طور پر بند ہے۔

تاہم سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں 2 ٹینکروں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہونے کی خبر غلط ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران کے خلاف اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پلوں، توانائی کی تنصیبات اور ایک بڑی ایرانی بندرگاہ پر واقع ایک ٹاور کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ حملے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران پر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر عائد پابندیوں کے حوالے سے دباؤ بڑھانے کی دھمکیوں کے بعد کیے گئے۔ 

امریکا کا کہنا ہے کہ اس نے مسلسل ساتویں رات ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنے کے مقصد سے حملے کیے ہیں۔ 

دوسری جانب ایرانی حکام کے مطابق حالیہ امریکی حملوں میں درجنوں افراد شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں، جبکہ امریکی فوج نے بھی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اپنے مزید اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے