0

مردان میں ورلڈ ملیریا ڈے کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد

پشاور(مانند نیوز) ورلڈ ملیریا ڈے کے موقع پر ڈی ایچ او آفس مردان میں ایک پروقار آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں ملیریا جیسے مہلک مرض سے بچاؤ کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔ اس واک میں محکمہ صحت کے افسران، ڈاکٹر صباوون خان (ڈسٹرکٹ ملیریا ماسٹر ٹرینر و سرویلنس آفیسر)، ڈاکٹر فرحان اکرم (ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈینیٹر)، منصور خان (ڈسٹرکٹ ملیریا سپروائزر)، محمد افضال (میڈیکل اینٹامالوجسٹ)، حضرت حسین (میل آفیسر آئی ایچ ایچ این) سمیت ہیلتھ ورکرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی ایچ سی کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ملیریا پروگرام محمد عارف جان نے کہا کہ ہر سال 25 اپریل کو دنیا بھر میں ورلڈ ملیریا ڈے منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس خطرناک بیماری کے خلاف عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملیریا ایک متعدی مرض ہے جو ہر سال دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتا ہے جبکہ لاکھوں افراد اس کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں یہ مرض ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ بنا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملیریا سے بچاؤ احتیاطی تدابیر، بروقت تشخیص اور عوامی آگاہی کے ذریعے ممکن ہے۔ اگر کمیونٹی کی سطح پر لوگوں میں اس بیماری سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے تو اس کے پھیلاؤ کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔محمد عارف جان نے بتایا کہ ڈی ایچ او مردان کی ہدایات کے تحت ضلع بھر میں ورلڈ ملیریا ڈے نہایت جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر طبی عملے کی مدد سے مراکز صحت، سکولوں اور کالجوں میں آگاہی سیشنز، سیمینارز اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک حفاظتی معلومات پہنچائی جا سکیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع مردان میں ملیریا کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کیلئے 113 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں مریضوں کو مفت ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ملیریا کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی مرکز صحت سے رجوع کریں تاکہ اس بیماری پر قابو پایا جا سکے۔

Share and Enjoy !

Shares

اپنا تبصرہ بھیجیں