نئی دہلی (مانند نیوز ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ کے 50فیصد سے زائد عملے کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد بھارتی سپریم کورٹ کے تمام ججز کو گھرسے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 50فیصد سے زائد عملے کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بھارتی سپریم کورٹ میں کیسز کی سماعت ویڈیو لنک سے کی جائیں گی۔بھارتی سپریم کورٹ کے استاف اور ان کی فیملی کے تیزی سے کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔کورونا کی خطرناک صورت حال کو بھانپتے ہوئے چیف جسٹس انڈیا اور دیگر ججز نے فیصلہ کیا کہ انتہائی حد تک احتیاط ضروری ہے کیونکہ گزشتہ برس بھی چھ سینئر ججز کورونا میں مبتلا ہو گئے تھے۔خیال رہے کہ بھارت میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 35لاکھ 25ہزار سے زائد ہے اور ایک لاکھ 70ہزار 209افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔