پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیسبل فاونڈیشن کراچی کے زیراہتمام مردان میں پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ مردان اور سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کی تعاون سے بصارت سے محروم غریب مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب دفتر سائبان مردان میں منعقد کی گئی جس میں پاکستان ڈیسبل فاونڈیشن کراچی کے شیر نبی خان، پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ مردان کے صدر کبیر خان، سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے سی ای او محمد عارف،سابق ناظم پیر محمد سلیم اور ڈاکٹر جہانگیر نے شرکت کی، پاکستان ڈیسبل فاونڈیشن کراچی کے شیر نبی خان نے اس موقع پراپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی ایف ملک بھر میں بصارت سے محروم افراد کی محرومیوں کے ازالے کیلئے دن رات کوشاں ہے،انہوں نے مخیر حضرات کو چاہئے کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں ضرورت مندوں کا خیال رکھے اور اپنے عطیات، خیرات اور صداقات ضرورت مندوں کو پہنچانے اور یتیموں کی کفالت اور بہترین شہری بنانے کیلئے پی ڈی ایف کا ساتھ دیں۔کبیر خان نے کہا کہ کہا کہ ہماری تنظیم بصارت سے محروم افراد کے لیے کوشاں ہے اور اب تک لاتعداد خاندانوں کی مالی مدد کرچکی ہے۔ سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے سی ای او محمد عارف،سابق ناظم پیر محمد سلیم اور ڈاکٹر جہانگیر نے کہا کہ کورونا کے باعث جہاں دوسرے شعبوں کے افراد متاثر ہیں وہاں مزدور طبقہ شدید معاشی بدحالی کا شکار ہیں، لہٰذا ان افراد کی مدد کے لیے بھی مخیر حضرات اور اداروں کو آگے آنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وبانے روزانہ اجرت پر کام کرنے والے غریب مزدور طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ بہت سی سماجی فلاحی تنظیمیں مستحق شہریوں کی مدد کر رہی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسے تمام پاکستانی گھرانوں کے بھوک کے مسائل ختم ہو گئے ہیں۔یومیہ اجرت پر مزدوری کرنے والوں کی زندگی کا ایک المیہ یہ بھی ہوتا ہے کہ روز کام کریں تو اپنا اور اپنے اہل خانہ کا پیٹ پال سکتے ہیں۔