سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک فضل حکیم خان یوسفزئی نے نویکلے میں لنک روڈ پر تارکول بچھانے کے کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر ہائی وے کے افسران کے علاوہ مقامی عمائدین بھی موجود تھے، اس موقع پر فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ دوسرے علاقوں کی طرح ان کی حلقہ نیابت پی کے 5 میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہیں اور مزید نئے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی اور بنیادی سہولیات انہیں دہلیز پر میسر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو عوام کی خدمت کے کاموں پر توجہ مرکوز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف بروقت میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ ضلع سوات سمیت حلقہ پی کے 5 کے لوگوں کی تمام محرومیوں کا ازالہ احسن طریقے سے کرسکیں۔ چئیرمین ڈیڈیک سوات کا کہنا تھا کہ حکام کویہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نالوں اور دیگر تعمیراتی سکیموں پر بھی کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی قطعًا کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتا کیا جائے گا۔