ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت، لائیوسٹاک و ماہی پروری محب اللہ خان نے ہدایت کی ہے کہ مقامی انتظامیہ رمضان المبارک کے سستے بازاروں میں تمام ضروری اشیاء کی فراہمی ہر حالت میں یقینی بنائے تاکہ غریب عوام کو حکومت کی جانب سے شروع کردہ مذکورہ پروگرام کے ذریعے زیادہ سہولیات فراہم ہوسکیں اور وہ سستے داموں ضروری اشیائے خوراک حاصل کرسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ضلع ملاکنڈ بٹ خیلہ میں صوبائی حکومت کے ہدایات کی روشنی میں قائم کئے گئے رمضان سستا بازار کا اچانک دورہ کرنے اور سستا بازار کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی بریفننگ کے موقع پر اظہارِخیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ سہیل احمد کے علاؤہ دیگر انتظامی افسران اور دیگر تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے بٹ خیلہ بازار میں انتظامیہ کی جانب سے قائم کئے گئے سستے بازار میں عوام کو فراہم کئے گئے سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں پر فروٹس، سبزیاں، آٹا، چینی، گھی اور دیگر ضروری اشیائے خوراک کے نرخوں اور سٹالوں پر ان کی موجودگی کا معائنہ کیا جبکہ بہترین انتظامات اور سستا بازار پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر ان کو بتایا گیا کہ ضلع میں بٹ خیلہ،تھانہ،سخاکوٹ اور درگئی کے مقامات پرچار سستے بازار قائم کئے گئے ہیں۔جن میں مارکیٹ ریٹ سے کم رعایتی ریٹ پر اشیائے خوراک میسر ہیں۔ان کوڈی سی نے بتایا کہ سستے بازار میں 20 کلوکا آٹا 860 روپے جبکہ چینی 85 روپے فی کلو فراہم کیا جاتا ہے۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ بازار میں مارکیٹ سے کم نرخوں پر روانہ استعمال کے دیگر اشیاء بھی دستیاب ہیں اور عوام اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔سستا بازار کے معائنہ کے دوران صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سستا بازاروں کا قیام صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سستے نرخوں پر اشیائے صرف کی فراہمی یقینی بنانا ہے تاکہ عوام مہنگائی سے بچ کر ان کو مقامی سطح پر معیاری اشیاء فراہم ہوں، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سستے بازاروں میں تمام اشیاء ضروریہ کی دستیابی کو روزانہ کے بنیادوں پر یقینی بنائے تاکہ عوام اس سے بھر پور فائدہ اٹھائیں،قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے سستے بازار کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفننگ دی۔