اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو نے ابھی سے شور مچانا شروع کردیا، یہ دونوں سمجھتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں یہ مقبول ہیں، آزاد کشمیر میں آج بھی عمران خان ہی مقبول ہیں اور ان کی حکومت ہوگی، اپوزیشن آزاد کشمیر میں ہارنے جارہی ہے جب کہ مریم نواز کے اندر دھرنا دینے کے لیے خواہش تڑپ رہی ہے لہذا مریم نواز اور اپوزیشن دھرنے کی تیاری جاری رکھیں،یہ ان کا حق ہے لیکن لاقانیت کی صورت میں آئین اور قانون کے مطابق اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں رینجرز اور ایف سی کے 7 ہزار 200 جوان تعینات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ پاک فوج بھی ضرورت پڑنے پر تیار ہوگی تاہم پولنگ دفتر میں فوج تعینات نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ سول اداروں کے ساتھ آرمی بھی فری اور فیئر الیکشن کرانے میں کردار ادا کرے گی جبکہ ہم سب کہتے ہیں الیکشن میں فوج نہ ہو لیکن اگر فوج پولنگ سٹیشن کے باہر کھڑی نہ ہو تو ہارنے والے ایجنٹ ڈبے اٹھا کرلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہشمند ہے تاہم بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، فیٹف میں بھی بھارت نے پاکستان کے لیے مسائل پیدا کیے، بھارت کے لوگ پکڑے گئے ہیں جو ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے تھے تاہم پاک فوج اور اداروں نے بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی تاہم کراچی میں 40 لاکھ لوگوں کے غلط شناختی کارڈ بننے کی بات غلط ہے، اس کے علاوہ ایف آئی اے کراچی سے انتالیس لوگوں کو معطل کیا گیاجبکہ ایف آئی اے میں 15،15 سال سے تعینات ملازمین کو ٹرانسفر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی، مریم نواز اور شہبازشریف کی جانب سے بھی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست نہیں آئی جب کہ ٹی ایل پی کے مستقبل کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ افغانستان سے متعلق پالیسی وزارت داخلہ بتا سکتا ہے تاہم 70 افغانیوں کو علاج کے لیے پاکستان آنے کی اجازت دی ہے، یہ وہ افغانی ہیں جن کا وہاں پر علاج ممکن نہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے عید الاضحی کی چھٹیوں سے متعلق کہا کہ 20 جولائی سے عید کی چھٹیاں کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھیجی ہے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کورونا بڑھ رہاہے، اسی لیے بعض علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے جارہے ہیں جبکہ طورخم بارڈر پر منفی رپورٹ والوں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ انہوں نے اسلام آباد میں مسلح شخص سے متعلق سوال پر بتایا کہ اس کے پستول میں گولیاں نہیں تھی تاہم پولیس نے گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی۔کابینہ نے سابق فاٹا میں تھری اور فور جی کی منظوری دے دی، اگر ایجنسیوں کو کسی حساس معاملے پر تھری یا فورجی کی سروس بند کرانے کی ضرورت پڑی تو مختصر نوٹس پر سروس کو معطل کیا جا سکے گا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے