پشاور (مانند نیوز ڈیسک) پشاور کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ترجمان ایل آر ایچ محمد عاصم کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد171 ہوگئی ہے جن میں سے 19مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ ایل آر ایچ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے 400 بیڈز مختص ہیں۔دوسری جانب خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔خیبرٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے لیے 106 بیڈز مختص ہیں اور ہسپتال میں 98 کورونا کے مریض داخل ہیں جن میں 19 مریض انتہائی نگہداشت میں بائی پیپ اور وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ3 کورونا مریضوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔