سوات (عبدالسلام سے)پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے غریبوں کا جینا مشکل کرنا ہے، آئے روز پٹرولیم مصنوعات سمیت ادویات اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے جبکہ ہمارے نا اہل اور خواب غفلت میں سوئے ہوئے حکمران کہتے ہیں کہ کوئی کچا مکان، بیروزگار بندہ اور مہنگائی نہیں ہے، دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانا،دن کو رات اور رات کو دن کہنا پی ٹی آئی کا شیوہ بن چکا ہے، عوام موجودہ حالات میں ملک کی بقاء کی خاطر مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں اور ن لیگ کے ہاتھ مضبوط کریں کیونکہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اللہ تعالیٰ نے ہمیں جب بھی موقع دیا تو ہم نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خدمت خلق کو عبادت سمجھ کر کیا ہے عوام کے مسائل کے حل کیلئے اسمبلی، کیبنٹ اور ہر فورم پر آواز بلند کی خواہ زلزلہ، سیلاب، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، کراچی، لاہور، سعودی میں بھی عوام کے حقوق کیلئے بھر پور آواز اُٹھائی ہے اگر اللہ تعالیٰ نے پھر موقع دیا تو عوام کی خدمت جاری رکھیں گے دوسروں کے منصوبوں پر اپنی نام کی تختیاں لگانے کے بجائے اپنے ادھورے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، وہ سوات کے علاقہ کوکارء چنار میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے شمولیتی جلسے میں محمد رسول خان عرف دادئی اور دیگر سیکڑوں افراد نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، صوبائی انجینئر امیر مقام نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور انہیں پارٹی کیپ بھی پہنائیں، جلسہ سے پاکستان مسلم لیگ ن ضلع سوات کے صدر قیموس خان، سابق ضلعی ناظم محمد علی شاہ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل رحمان نونو اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کو شریف آباد سے سیکڑوں گاڑیوں کی جلوس میں جلسہ گاہ پہنچایا گیا، جلسہ سے خطاب کے دوران انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ لوگ حکمران جماعت اور دوسری سیاسی پارٹیوں سے مایوس ہو چکے ہیں اور ان کی نظریں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت پر لگی ہوئی ہے، عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کیلئے ہر فورم پر آواز اُٹھاتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کام صرف مہنگائی لانا اور غریب عوام کو مشکل میں ڈالنا ہے اور پرائے منصوبوں پر اپنی نام کی تختیاں لگانا ہے لیکن اُن کے دن گنے جا چکے ہیں اور عوام اُن سے اس ظلم اور زیادتی کا بدلہ ضرور لیں گے۔