شیرگڑھ (مانند نیوز ڈیسک) تخت بھائی سرکل شیرگڑھ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی تین رکنی گروہ کے دو ارکان گرفتار۔ایک روپوش مال مسروقہ پندرہ موٹر سائیکلیں برآمد۔گرفتار ملزمان نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔ اے ایس پی تخت بھائی سرکل پولیس محمد قیس نے پولیس تھانہ تخت بھائی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تھانہ شیرگڑھ میں موٹر سائیکل چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہداللہ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزمان کی سراغ لگاکر جلد گرفتار کرنے کیلئے میری سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ شیر گڑھ ارشدخان۔تفتیشی افسر اقبال زمان خان اور اے ایس آئی اسرائیل خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی۔ٹیم ممبران نے جدید سائنسی خطوط پر دن رات محنت کرکے بین الاضلاعی گروہ کے دو ارکان جہانگیر ولد رضاخان سکنہ باغ ارم خرکی اور حسین شاہ ولد محبت شاہ سکنہ غالہ کاٹلنگ تک رسائی حاصل کرکے گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ملزمان کی نشاندہی پر ضلع مردان کے مختلف علاقوں سے چوری شدہ پندرہ موٹر سائکلیں برآمد کی گئیں۔اے ایس پی تخت بھائی نے کہا کہ تیسرے رکن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔جسکا نام صیغہ راز میں رکھا گیاہے۔گرفتار ملزمان کو راشد علی کی عدالت میں پیش کرکے دوروزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔