لاہور(مانند میڈیا)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے بھائی، صاحبزادے اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی و صوبائی ذمہ داران اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔حافظ محمد ادریس کی وفات پر اظہار تعزیت کے لیے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مرحوم کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹریز جنرل اظہر اقبال حسن اور وقاص انجم جعفری، امیر حلقہ لاہور ضیاء الدین انصاری، صوبائی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر بابر رشید سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔تعزیتی ملاقات کے دوران قائدین جماعت نے کہا کہ حافظ محمد ادریس نے اپنی زندگی دین کی خدمت، علمی و فکری تربیت اور دعوت و اصلاح کے کاموں کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی دینی و علمی خدمات نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ دینی حلقوں کے لیے بھی ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اپنی علمی بصیرت، سادہ طرزِ زندگی اور دعوتی جدوجہد کے ذریعے لوگوں کی رہنمائی کی اور نئی نسل کی دینی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حافظ محمد ادریس کی رخصتی سے دینی و علمی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے ، جسے پر کرنا آسان نہیں۔ ان کی پوری زندگی دین کی سربلندی اور انسانوں کی اصلاح و رہنمائی کے لیے وقف رہی۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد ادریس کی علمی، دینی اور دعوتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ رہے گا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مرحوم ایک صاحب علم، صاحب کردار اور مخلص دینی شخصیت تھے۔ انہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کیا اور دین و ملت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا ان کے اہل خانہ، رفقائے کار اور وابستگان کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔تعزیتی اجتماع میں مرحوم کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی۔ رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حافظ محمد ادریس کی دینی و علمی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے ، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔