سوات (مانند نیوز ڈیسک) ضلعی کارکردگی جائزہ اجلاس کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی اجلاس میں پیش کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے اضلاع کی کارکردگی کو سراہا اور 100 فیصد نتائج یقینی بنانے کے لئے مذید اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاپنے اضلاع کی کارکردگی جائزہ کے اجلاسوں کا انعقاد ہر ماہ یقینی بنائیں اور محکموں کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں تاکہ گورنمنٹ کے منظور شدہ پراجیکٹ اور ترقیاتی منصوبے مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق عوام کو فراہم ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں بہتر اقدامات کرتے ہوئے خدمات کی فراہمی میں رکاوٹوں کو دور کریں اور ایسے اقدامات کو فروغ دیں جن سے عوام کو سروسز کا حصول دفتروں کے چکر لگائے بغیر ہی ممکن ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ماہ کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور اس میں خود شرکت کریں اور عوامی مسائل کا بر وقت خاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں جبکہ یتیموں اور بیواؤں کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ ان کے حق پر کوئی ڈاکہ ڈالنے کے کوشش نہ کرے۔ سید ظہیر الاسلام کا مزید کہنا تھا کہ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں اور معیار کو برقرار رکھا جائے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے اور متعلقہ محکموں کے افسران سے روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں چیکنک کی کارکردگی رپورٹ لی جائے۔