کوہاٹ (مانند نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر کوہاٹ کے تعاون سے نشتر سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کوہاٹ میں یوم خواتین کے عالمی دن کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مہمان خصوصی سابقہ ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر کوہاٹ شازیہ رضا خٹک اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوہاٹ بشیر احمد تھے۔اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر امجد خان آفریدی، ڈپٹی ڈائریکٹر نشتر سپیشل ایجوکیشن حسین خان خٹک،اتفاق ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین ایثار علی بنگش، کاروان عمل کے صدر سلیم الطاف ایڈووکیٹ، ڈی ایم او رائٹ ٹو پبلک سروس کمیشن کوہاٹ ثریا خٹک اور آواز پروگرام ٹو کے سرمد رشید کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بشیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایاہے۔ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین پرمشتمل ہے۔ ترقی کے اہداف کا حصول خواتین کی فیصلہ سازی کے عمل میں شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر قوم منزل نہیں پاسکتی۔ اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور احترام دیتا ہے۔ماں کے قدموں تلے جنت رکھ کر اللہ تعالیٰ نے عورت کا مقام واضح کردیا۔خواتین کو جوحقوق اسلام نے دئیے، مغرب اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔حکومت خواتین کو مساوی مواقع اور سازگار ماحول دے رہی ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے۔دنیا بھر میں آج خواتین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔یوم خواتین پرحقوق نسواں کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا۔آخر میں خواتین کی عالمی دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔